تازہ ترین

کلبھوشن معاملہ۔۔۔بھارتی وکیل کے بیانات بے بنیاد ہیں، پاکستان


کلبھوشن معاملہ۔۔۔بھارتی وکیل کے بیانات بے بنیاد ہیں، پاکستان





پاکستان نے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادھو کے معاملے پر گزشتہ دنوں بھارتی وکیل کی جانب سے دئیے گئے آن لائن لیکچر کو مستردکردیا ہے۔یہ بات اتواریعنی 10 مئی کو دفترخارجہ کی ترجمان عائشہ فاروقی نے میڈیا سے گفتگو میں بتائی۔

بھارتی وکیل ہریش سالوے نے رواں ماہ کی تین تاریخ کو ایک لیکچر میں کہا تھا کہ بھارت عالمی عدالت انصاف میں کیس واپس لے جا سکتا ہےکیونکہ پاکستان عدالت کے فیصلے پر عملدرآمد کرنے اور انڈین بحریہ کے ریٹائرڈ اہلکار تک رسائی دینے میں نا کام رہا ہے۔

سالوے نے دعوی کیا تھا کہ بھارت کئی مرتبہ پاکستان سے عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کی روشنی میں اٹھائے گئے اقدامات کے حوالے سے پوچھ چکا ہے لیکن پاکستان کی جانب سے اس حوالے سے کوئی جواب نہیں دیا جارہا۔

ہریش سالوے کا یہ بھی کہنا تھا کہ بھارت نے بیک ڈورسفارت کاری کے ذریعے پاکستان کو اس بات پر قائل کرنے کی کوشش کی کہ کلبھوشن کو چھوڑ دیا جائے۔ چاہے انسانی بنیادوں پر یا کسی اور بنیاد پر ہم کلبھوشن کی رہائی چاہتے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا ہے کہ پاکستان عالمی عدالت انصاف کے فیصلے پرپوری طرح عمل کررہا ہے، ایک ذمہ دارریاست کی حیثیت سے پاکستان بین الاقوامی ذمہ داریوں سے آگاہ ہے، پاکستان نے کلبھوشن تک بھارت کو قونصلر رسائی فراہم کی، عالمی عدالت کے فیصلے کے مطابق نظرثانی کے اقدامات کیے جارہے ہیں، کیس کے آگے بڑھنے پر پاکستان عالمی عدالت کے فیصلے پرعمل درآمد کے لیے پرعزم ہے

No comments