تازہ ترین

وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا اور تانیہ ایدروس مستعفی


وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا اور تانیہ ایدروس مستعفی






وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت  ڈاکٹر ظفر مرزا اور معاون خصوصی برائے ڈیجیٹل پاکستان تانیہ ایدروس نے   دہری شہریت   اور دیگر معاملات کی وجہ سے حکومت پر ہو رہی تنقید کے باعث اپنے اپنے عہدوں سے استعفی دے دیا ہے۔


اس حوالے سے پہلے تانیہ ایدروس نے بذریعہ ٹوئٹ  اپنے استعفی دینے کی تصدیق کی جس کے کچھ ہی دیر بعد ڈاکٹر ظفر مرزا نے بھی ٹوئٹر کے ذریعے عہدے سے مستعفی ہونے کی تصدیق کر دی۔


اپنی ٹوئٹ میں تانیہ ایدروس کا کہنا تھا کہ  میری شہریت کے معاملے کی وجہ سے ریاست پر ہونے والی تنقید ڈیجیٹل پاکستان کے مقصد کو متاثر کر رہی ہے۔ لہذامیں نے عوام کے وسیع تر مفاد  کے لئے معاون خصوصی  وزیراعظم کے عہدے کا استعفی جمع کرا دیا ہے۔ اپنی بہترین صلاحیت کے ساتھ اپنے ملک اور وزیراعظم کے وژن کی خدمت جاری رکھوں گی۔تانیہ ایدروس نے ٹوئٹ میں وزیراعظم کو ارسال کیا گیا استعفیٰ بھی منسلک کیا ہے۔


جس کے کچھ ہی دیر بعد ڈاکٹر ظفر مرزا نے ٹوئٹ کی اور لکھا کہ میں   نے معاون خصوصی کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ میں وزیراعظم عمران خان کی خصوصی دعوت پر عالمی ادارہ صحت چھوڑ کر پاکستان آیا تھا ، میں نے محنت اور ایمانداری سے کام کیا۔ انہوں نے کہا کہ  پاکستان کی خدمت کرنا میرے لئے اعزاز کی بات ہے اور میں مطمعین ہوں  کہ ایسے وقت میں عہدہ چھوڑ رہا ہوں جب قومی کوششوں سےپاکستان میں کورونا وائرس  میں کمی آچکی ہے۔


ڈاکٹر ظفر مرزا نے مزید لکھا کہ میں نے استعفی دینےکا فیصلہ معاون خصوصی  کے کردار پر چل رہی منفی بات چیت اور حکومت پر تنقید  کی وجہ سےکیا۔ پاکستان کی عوام صحت کی بہتر سہولت کےمستحق ہیں  اور میں نے اس حوالے سے سنجیدگی سے کردار ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک مضبوط نظام صحت کے ساتھ کوڈ-19 کے مسائل سے باہر نکل آئے گا۔


بعدازاں کابینہ ڈویژن نے وزیراعظم کی جانب سے ڈاکٹر ظفر مرزا اور تانیہ ایدروس کے استعفوں کی منظوری  کے علیحدہ علیحدہ نوٹی فکیشن جاری کر دئیے۔

No comments