تازہ ترین

معیشت کو مستحکم ہونے میں مزید ڈیڑھ سال لگیں گے،وزیرخزانہ


معیشت کو مستحکم ہونے میں مزید ڈیڑھ سال لگیں گے،وزیرخزانہ


پاکستان کے وزیرخزانہ اسد عمر نے کہا ہے ملک بحران سے نکل آیا ہےاور اب استحکام کا مرحلہ چل رہا ہے۔تاہم معیشت کو مستحکم ہونے میں مزید ڈیرھ سال لگ جائیں گے۔ وزیرخزانہ نے یہ بات درمیانی مدت کے اقتصادی لائحہ عمل سے متعلق اسلام آباد میں تقریب کے دوران کہی۔

وزیر خزانہ اسد عمر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی مشاورتی کونسل نے فریم ورک تیار کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا، اس پرعالمی بینک، اے ڈی بی و دیگرترقیاتی پارٹنرزکا ان پٹ لیا گیا، اس فریم ورک میں اسٹریٹجی ہے تاہم اعداد و شمار نہیں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف سے مذاکرات حتمی مراحل میں ہیں، آئی ایم ایف سے جواعداد وشمار فائنل ہوں گے وہ فرم ورک میں شامل کیے جائیں گے۔

اسدعمرکا کہنا تھا کہ وسط مدتی اکنامک فریم ورک کا مسودہ آج دونوں ایوانوں کی قائمہ کمیٹیوں کو بھجوادیا جائے گا، کمیٹیوں کے ان پٹ کے بعد اسے فائنل کیا جائے گا، عوام کی دلچسپی کی چیز روزگار،مہنگائی اور بہتر مستقبل ہے، مگر ان مسائل کو حل کرنا ایک تکنیکی طریقہ کار ہے۔

وزیرخزانہ نے کہا کہ جب استحکام کے مرحلے سے نکلیں گے تو وسائل کی مٹھی بھی کھولیں گے،اس وقت حکومت کو حکومت چلانے اور دفاع و ترقی کے لیے درکار ریونیو تو دور کی بات سود ادا کرنے کے لیے بھی پیسے نہیں ہیں، ہم سود ادا کرنے کے لیے فنانسنگ کا انتظام کررہے ہیں، دوست ممالک کے پاس جاتے ہیں اور قرضے مانگتے ہیں۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ ڈالر میں سرمایہ کاری نہ کریں یہ نہ ہو کہ نقصان ہونا شروع ہوجائے، ہم نے بنیاد ٹھیک کرنی ہے، پہلے روپیہ اوور ویلیوڈ تھا، اب روپیہ ڈالر کی اصل ویلیو کے برابر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف اورعالمی بینک کے سالانہ اجلاسوں میں شرکت کے لیے امریکا جارہا ہوں، اس دورے کے موقع پر مختلف ممالک کے وزراء خزانہ سے سائیڈ لائن پر میٹنگز ہوں گی۔


No comments