تازہ ترین

پی آئی اے حادثہ، ملکی اور غیر ملکی رہنماؤں کا اظہار افسوس

پی آئی اے حادثہ، ملکی اور غیر ملکی رہنماؤں کا اظہار افسوس


کراچی میں پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنزکے طیارے کو پیش آئے حادثے پر ملکی اورغیر ملکی رہنماؤں نے دکھ کا اظہار کیا ہے۔


وزیراعظم عمران خان نے اپنےٹوئٹر پیغام میں کہا کہ طیارہ گرنے پر دل رنجیدہ اور مغموم ہے۔



پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ یعنی آئی ایس پی آر کی جانب سے اپنے پیغام میں کہا گیا کہ مشکل کی اس گھڑی میں سوگوار خاندانوں کے غم میں شریک ہیں۔



سول ایوی ایشن اتھارٹی کا طیارے کے افسوسناک حادثے پرکہنا ہے کہ ہمارے دل اور دعائیں متاثرین اور ان کے اہلخانہ کے ساتھ ہیں۔



علاوہ ازیں وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے پی آئی اے طیارہ حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔


پاکستان میں موجود چینی سفارت خانے کی جانب سے کراچی میں طیارہ حادثے پر دکھ کا اظہار کیا گیا۔

امریکی سفارت خانے کی طرف سے بھی  دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا۔



بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی نے بھی پاکستان میں طیارہ حادثے میں جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا۔



بھارت میں اپوزیشن جماعت کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہول گاندھی نے حادثے کے متاثرین کے اہلخانہ سے تعزیت کی۔



افغان صدر اشرف غنی کی جانب سے بھی کراچی میں پی آئی اے کے طیارے کو پیش آنے والے حادثے میں جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار کیا گیا۔

کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے حادثے پردکھ کا  اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سے آنے والی خبر انتہائی المناک ہے، کینیڈین عوام متاثرہ پاکستانیوں کو اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں گے۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیوگوتریس نے اپنے بیان میں حادثے پر انتہائی دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عیدالفطر کی چھٹیوں کے آغازپر ہی ہولناک حادثے کے پیش آنے پر حکومت پاکستان سے تعزیت کرتے ہیں۔


واضع رہے کہ گزشتہ روزلاہور سے کراچی جانے والا مسافر طیارہ اے 320 ایئربس کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب لینڈنگ سے چند ہی منٹ قبل ماڈل کالونی پر گر کر تباہ ہوگیا تھا۔

حادثے میں اب تک کی اطلاعات کے مطابق 66 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔ 

No comments