تازہ ترین

قومی خبریں (14جولائی 2020)

پنجگور میں دہشتگردی کے واقعے میں 3 جوان شہید





بلوچستان کے ضلع پنجگور میں سیکیورٹی فورسز پر دہشتگردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں  3 جوان شہید جبکہ 8 زخمی ہوگئے ہیں۔ پاک فوج کےشعبہ تعلقات عامہ کےمطابق  دہشتگردی کا یہ واقعہ وادی گیچک کے قریب پیش آیا جہاں   پر سیکیورٹی فورسز کی گشت کر رہی پارٹی پر فائرنگ کی گئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق زخمیوں کو سی ایم ایچ کوئٹہ منتقل کر دیاگیا ہے، جہاں پر 5 زخمیوں کی حالت نازک ہے۔


سپریم کورٹ کی جانب سےحکومت کو شوگر ملز کے خلاف کاروائی کی اجازت




سپریم کورٹ کی جانب سے شوگر انکوائری رپورٹ پر عملدرآمد کے روکنے سے متعلق سندھ ہائی کورٹ  کا حکم امتناع خارج کر دیا گیا ہے اور حکومت کوکمیشن کی سفارشات کی روشنی میں شوگر ملز مالکان کے خلاف کاروائی کی اجازت دے دی ہے۔


مختصر فیصلے میں سپریم کورٹ نے اسلام آباد ہائی کورٹ اورسندھ ہائی کورٹ کو اس معاملے پر زیر سماعت مقدمات 3 ہفتے کے اندر نمٹانے کی ہدایت بھی کی ہے، جبکہ حکومت کو ہدایت کی ہے کہ وہ عدالتی فیصلوں تک شوگر ملز کے خلاف کوئی  حکم جاری نہیں کر سکتی۔ عدالت نے شوگر کمیشن رپورٹ پر حکومتی عہدیداران کو بیان بازی سے بھی روکا ہے۔


لندن فلیٹس پر نواز شریف کی طلبی کا اشتہار لگانے کا فیصلہ





قومی احتساب بیورو یعنی نیب کی جانب سے توشہ خانہ ریفرنس میں نواز شریف کی طلبی کا اشتہار لندن فلیٹس پر لگانےکا فیصلہ کیاگیا ہے۔ قومی میڈیا سےلی گئی معلومات کے مطابق نیب نے اس سلسلے میں وزارت خارجہ سے رابطہ  کیا ہے اور وزارت خارجہ کے ڈپٹی ڈائریکٹر یورپ نے پاکستانی سفارتخانے سے رابطہ کر کے انہیں عدالتی احکامات پر عملدرآمد کرانے کی ہدایت دی ہے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل 13 جولائی احتساب عدالت کا  نوٹس نواز شریف کی ماڈل ٹاؤن اور رائیونڈ کی رہائش گاہ کے باہر چسپاں کیا گیا تھا ،  نوٹس میں انہیں 17 اگست کو عدالت میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی تھی۔


پاکستان میں کورونا سے مزید 50 اموات





پاکستان میں آج (14جولائی) کورونا سے مزید 50 اموات ہوئی ہیں، جس کے بعد اس وبا کے باعث جاں بحق افراد کی تعداد 5 ہزار320 تک پہنچ چکی ہے، جبکہ  ملک میں کورونا متاثرین کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 53 ہزار 604 ہے۔ ادھر نیشنل کمانڈ اور آپریشن سینٹر کے مطابق اب تک مجموعی طور پر  پاکستان میں 16 لاکھ 6ہزار 190 کورونا ٹیسٹ کئے گئے ہیں۔

دوسری جانب صوبہ سندھ میں کورونا وائرس کے مجموعی کیسز  ایک لاکھ 6 ہزار 622 رپورٹ ہوئے ہیں، صوبہ پنجاب میں کورونا متاثرین کی تعداد87 ہزار 492 تک  ہے۔ اسی طرح  خیبرپختونخوا میں کورونا مریضوں کی تعداد 31 ہزار کے قریب، بلوچستان میں 11 ہزار سے زائد، اسلام آباد میں 14 ہزار 202 جبکہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بالترتیب 1 ہزار 694 اور 1 ہزار 655 کورونا کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔


پنجاب میں نافذ لاک ڈاؤن میں مزید 15 روز کی توسیع





پاکستان کے صوبہ پنجاب میں  حکومت کی جانب سے نافذ لاک ڈاؤن میں مزید 15 روز کی توسیع کر دی گئی ہے۔ جس کے بعد اب 30 جولائی تک صوبے بھر میں تعلیمی ادارے، شادی ہالز، ریستورانٹ، سینما ہالز اور دیگر بدستور بند رہیں گے۔ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق 30 جولائی تک صوبےمیں  اجتماعات یا کھیل سمیت کسی بھی قسم کی سرگرمی کے لئے اکھٹا ہونےکی اجازت نہیں ہوگی۔


نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے میں سوموار تا جمعہ صبح 9 بجے سے شام 7 بجے تک تمام کاروبار کھولے جا سکتے ہیں،  جبکہ میڈیکل سٹور، آنے کی چکی، پنگچر شاپس اور زرعی شاپس 24 گھنٹے تک کھولے رکھنے کی اجازت ہوگی، ادھر کھانے پینے کی اشیاء اور کریانہ سٹور ہفتہ بھر کے لئے صبح 9 بجے سے شام 7 بجے تک کھولے جاسکتے ہیں، جبکہ صوبے بھر میں تمام چرچ صرف اتوار کے روز صبح 9 تا شام 5 بجے تک عبادت کے لئے کھلے رہیں گے۔


اسلام آباد ہائیکورٹ میں پب جی گیم پر پابندی کے خلاف دائر درخواست پر فیصلہ محفوظ




اسلام آبادہائیکورٹ میں پب جی گیم پرعائد پابندی کے خلاف دائر کی گئی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا گیا ہے۔ سماعت کے دوران پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ صورتحال ایسی بن گئی تھی کہ پب جی گیم پر پابندی عائد کرنا پڑی جس پر عدالت نے ریماکس دئیے کہ صورتحال نہیں بلکہ آپ کو  قانون کے مطابق فیصلہ کرنا ہے، دلائل سننے کے بعدعدالت نے پابندی کے خلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ رکر لیا۔


فواد چوہدری نے کرکٹ کی سمارٹ بال تیار کرنے میں دلچسپی ظاہر کر دی




وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پاکستان جلد کرکٹ کی سمارٹ بال تیار کر لے گا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر فواد چوہدری نے  آسٹریلیا میں تیار کی گئی سمارٹ بال کی ویڈیو بھی شیئر کی اور لکھا کہ سیالکوٹ والو چلو یہ کام کر کے دکھائیں، اس گیند کی تیاری میں کوئی مسئلہ نہیں ہونا چاہیے۔


آئیں اپنی ٹیکنالوجی یونیورسٹی  کے ساتھ مشترکہ منصوبہ شروع کرتے ہوئے سمارٹ بال بنائیں۔انہوں نے کہا کہ کوکا بورا  کمپنی کی جانب سے سمارٹ گیند میں مائیکرو چپ لگائی جاتی ہے، جس سے گیند کو پھینکنے اور باؤنس کی رفتار کا درست اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔


ہاکی کھلاڑیوں کے لئےپینڈیمک الاؤنس


پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریڑی آصف باجوہ کا کہنا ہےکہ  30 قومی کھلاڑیوں کو 30 ہزار روپے پنیڈیمک الاؤنس دینے کا فیصلہ کیا ہے، ان کے مطابق رقم براہ راست کھلاڑیوں کے اکاؤنٹ میں منتقل کر دی جائے گی۔ قومی میڈیا کےمطابق آصف باجوہ نے بتایا کہ پی ایچ کے دفاتر کھل گئے ہیں ، پرولیگ میں جرمنی اور بیلجیئم کے میچز سے ہاکی کی سرگرمیاں بحال ہوگئی ہیں۔

پی ایچ ایف کو بھی ایف آئی ایچ و دیگر فیڈریشنز سے لیٹر ملے ہیں ، کوشش ہے جہاں ممکن ہو ایس او پیز کے ساتھ عالمی ہاکی بحال ہو۔ انہوں نے کہا کہ اگست میں فائیو اے سائیڈ ہاکی ٹورنامنٹ کا پروگرام بنا رہے ہیں۔ ایف آئی ایچ سنہ 2023 میں فائیو سائیڈ ہاکی ورلڈ کپ کروا رہی ہے۔

No comments