دن بھر کا مختصر جائزہ (8جولائی 2020)
ستمبر میں تعلیمی ادارے کھولنے پر اتفاق
کورونا وائرس کے کیسز کم ہونے کے پیش نظر ملک بھر میں بند
تعلیمی ادارے ایس او پیز کے تحت ستمبر کے پہلے ہفتے میں کھولنے پر اتفاق ہوا ہے،
اس بات کا فیصلہ آج (8جولائی) وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیر صدارت منعقدہ
بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس میں کیا گیا ہے۔ تاہم تعلیمی ادارے کھولنے سے
متعلق حتمی منظوری 9 جون کو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر سے لی جائے گی۔ آج
منعقدہ کانفرنس میں چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے وزرائے تعلیم
شریک ہوئے تھے اور یہ فیصلہ ہوا تھا کہ تعلیمی ادارے کھولنے سے قبل کوڈ 19 کی
صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔
پی آئی اے کا یو اے ای کے لئے آپریشن بحال
متحدہ عرب امارات کے لئے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن یعنی
پی آئی اے کا فلائٹ آپریشن 9 جولائی سے بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے بعد
مسافر پی آئی اے کے ذریعے پاکستان سے دبئی، ابوظہبی، شارجہ اور العین کے لئے سفر
کر سکیں گے۔ اس حوالے سے ترجامن پی آئی اے کا کہنا ہے کہ تمام مسافروں کو روانگی
سے قبل کورونا ٹیسٹ کروانا لازم ہوگا اور منفی رپورٹ بورڈنگ کے وقت پیش کرنا ہوگی،
جبکہ ہیلتھ ڈیکلریشن فارم بھی پر کرنا لازم ہوگا۔ تاہم ٹکٹس پی آئی اے کے دفاتر کے
علاوہ آن لائن اور ایجنٹس سے بھی حاصل کی جاسکتی ہیں۔
سونے کی قیمت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر
آج یعنی 8جولائی بروز بدھ سونے کی فی تولہ قیمت میں 2 ہزار
400 روپے کا اضافہ ہوا ہے، جس کی بعد سونے کی فی تولہ قیمت ایک لاکھ 8 ہزار 300
روپے ہوگئی ہے، اسی طرح 10 گرام سونا 2 ہزار58 روپے کے اضافے کے ساتھ 92 ہزار 850
روپے کا ہوگیا ہے۔ جبکہ بین الاقوامی بلین
مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 26ڈالر کے اضافے سے1802ڈالر ہوگئی جو 8سال کی
بلند ترین سطح ہے۔
پشاور میں غیرت کے نام پر 16 سال کی لڑکی اور 20 سالہ لڑکا قتل
پاکستان
کے صوبہ خیبرپختونخوا کے شہر پشاور میں غیرت کے نام پر لڑکا اور لڑکی قتل کر دئیے گئے
ہیں، قومی میڈیا کےمطابق وقاص نامی لڑکے کی عمر 20 سال جبکہ لڑکی 16 سال کی تھی۔
قتل کرنے کے بعد لاشوں کو بنا جنازہ پڑھے ہی پشاور کے رحمان بابا قبرستان میں دفن
کر دیا گیا تھا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ لاشوں کی قبرکشائی کے لئے مجسٹریٹ کو
درخواست دے دی گئی ہے، جبکہ تین افراد کو بھی گرفتار کیا گیا ہے، جنہوں نے اعتراف
جرم کر لیا ہے۔
مندر تعمیر معاملہ، علماء احتجاج کی بجائے رہنمائی کریں، اسلامی نظریاتی کونسل
اسلامی نظریاتی کونسل علماء سے کہا ہے کہ وہ اسلام آباد میں
مندر کی تعمیر کے معاملے پر احتجاج کی بجائے رہنمائی کریں۔ اسلامی نظریاتی کونسل
کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہاگیا ہے کہ وزارت مذہبی امور نے مضوزہ مندر کے قیام
کے لئے حکومتی فنڈ کے بارے میں رائے طلب کی ہے۔ یعنی پوچھا گیا ہے کہ کیا حکومت
سرکاری فنڈ غیر مسلموں کی عبادت گاہ تعمیر کر سکتی ہے؟ اس معاملے پر شعبہ تحقیق
جلد از جلد اپنی رائے تشکیل دے اور ستمبر کے اوائل میں منعقدہ کونسل کے آئندہ
اجلاس میں پیش کرے۔
کراچی کے مختلف علاقوں میں کرنٹ لگنے سے 6 افراد جاں بحق
صوبہ سندھ کے دارلحکومت کراچی کے مختلف علاقوں میں کرنٹ
لگنے سے بچے سمیت 6 افراد جاں بحق ہوگئےہیں۔ ناگن چورنگی مسلم ٹاؤن میں واقع ایک
گھر میں بچہ کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوگیا، ناگن چورنگی ہی کے قریب ایک 30 سال کا
شخص کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوا۔ کارساز روڈ پر ایک موٹر سائیکل سوار بجلی کی تاروں
سے لگنے والے کرنٹ کی نظر ہوگیا، ماڈل کالونی کے ایک مکان میں کام کے دوران کرنٹ
لگنے سے ایک شخص کی موت واقعہ ہوئی۔ جبکہ کرنٹ کی وجہ سے 2 لوگ ہجرت کالونی اور
کریم آباد میں جاں بحق ہوئے۔ دوسری جانب کراچی میں ہو رہی بارشوں کی وجہ سے بجلی
کی طویل لوڈ شیڈنگ نے بھی شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔
پاکستان اور چین کمپیوٹرز و دیگر سامان کی فراہمی کا معاہدہ
پاکستاناور چین کے درمیان ووکیشنل سکولز میں کمپیوٹرز اور دیگر سامان کی فرہامی کا معاہدہ
طے پا گیا ہے، معاہدے کی تقریب وزارت اقتصادی امور میں ہوئی۔ جس میں پاکستان کی
جانب سے سیکریڑی اقتصادی امور نور احمد جبکہ چین کے سفیر یاؤ چنگ نے گرانٹ کے
معاہدے پر دستخط کئے۔ اقتصادی امور ڈویژن کے مطابق پروجیکٹ پر 4 ملین ڈالر لاگت
آئے گی، اور منصوبے کے تحت 17 ووکیشنل سکولوں کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔
انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے مابین پہلا ٹیسٹ، 4 ماہ بعد بین الاقوامی کرکٹ بحال
انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کھیلے جا رہے پہلے ٹیسٹ
میچ کے ذریعے تقریبا 4 ماہ سے کورونا وائرس کی وجہ سے منقطع کرکٹ بحال ہوگئی ہے۔
آج ساؤتھ ہیمپٹن میں انگلینڈ کرکٹ ٹیم کےکپتان بین سٹوکس نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ
کا فیصلہ کیا۔ تاہم بارش کی وجہ سے میچ تاخیر سے شروع ہوا اور میچ کے دوران بھی
بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ میچ کے دوران نسل پرستی کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرتے ہوئے
مقتول امریکی شہری جارج فلائیڈ سے یکجہتی کا اظہار بھی کیا گیا۔
انسٹاگرام پر ایک اور کار آمد فیچر متعارف
شوشل
میڈیا کی ایک ایپلی کیشن انسٹاگرام کی جانب سے اپنے صارفین کو تصاویر اور ویڈیوز
پر کمنٹس کے حوالے سے مزید کنٹرول دیا گیا ہے۔ انسٹا گرام کے اس فیچر
کی آزمائش رواں سال مئی میں کمنٹ فلٹرنگ ٹولز کے ساتھ شروع کی گئی تھی اور اب اسے
تمام صارفین کے لئے متعارف کرادیا گیا ہے۔ اس فیچر میں جب آپ کسی
کمنٹ پر سوائپ کریں گے تو رئیپلائی، رپورٹ اور ڈیلیٹ کے ساتھ پن آپشن نظر آئے گا۔ جب
آپ کسی کمنٹ کو سیکشن کے ٹاپ پر پن کریں گے تو اس کا مطلب یہ ہوگا کہ آپ اسے
نمایاں کررہے ہیں اور دیگر افراد کی بات چیت کو اپنی مرضی کی سمت میں لے جانے میں
مدد ملے گی۔ اس فیچر کی مدد سے لوگوں توہین آمیز کمنٹس کی روک تھام میں مدد مل سکے
گی۔










No comments