تازہ ترین

توشہ خانہ ریفرنس میں نوازشریف اورآصف زرداری احتساب عدالت میں طلب


توشہ خانہ ریفرنس میں نوازشریف اورآصف زرداری احتساب عدالت میں طلب


احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نوازشریف اورسابق صدرآصف زرداری سمیت سابق وزیراعظم یوسف رضاگیلانی کو 29 مئی کو توشہ خانہ ریفرنس میں طلب کرلیا ہے۔نیب کے مطابق آصف زرداری اورنوازشریف نے یوسف رضا گیلانی سے غیر قانونی طور پر گاڑیاں حاصل کیں اور آصف زرداری نے گاڑیوں کی صرف 15 فیصد ادائیگی جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے ادا کی۔آصف زرداری کو بطور صدر لیبیا اور متحدہ عرب امارات سے بھی گاڑیاں تحفے میں ملیں جو انہوں نے توشہ خانہ میں جمع کرانے کے بجائے خود استعمال کیں۔

نیب کا یہ بھی کہنا ہے کہ نوازشریف کو 2008 میں بغیر کوئی درخواست دیئے توشہ خانے سے گاڑی دی گئی جس کی ادائیگی عبدالغنی مجید نے جعلی اکاؤنٹس سے کی۔انور مجید نے انصاری شوگر ملز کے اکاؤنٹس کا استعمال کر کے 2 کروڑ سے زائد کی غیرقانونی ٹرانزیکشنز کیں۔اس کے علاوہ انور مجید نے آصف زرداری کے اکاؤنٹس میں بھی 9.2 ملین روپے ٹرانسفر کیے جبکہ عبدالغنی مجید نے 37 ملین روپے کسٹم کولیکٹراسلام آباد کو ٹرانسفر کیے۔ واضع رہے کہ کہ نواز شریف 2008 میں کسی بھی عہدے پر نہیں تھے۔

یاد رہے کہ نیب کے مطابق ملزمان نیب آرڈیننس کے سیکشن 9اے کی ذیلی دفعہ 2، 4، 7اور 12 کے تحت کرپشن کے مرتکب ہوئے ہیں۔

No comments