تازہ ترین

کیاسورج گرہن کے کوئی منفی اثرات ہیں؟

کیاسورج گرہن کے کوئی منفی اثرات ہیں؟



پاکستان میں21جون یعنی اتوار کی صبح سورج گرہن لگاجودوپہرتک ختم ہوگیا، سورج گرہن کے لگنے سے پہلے اورسورج گرہن کے وقت اس کے منفی اثرات سے متعلق چند باتیں زبان زد عام رہیں۔ ہم نے مختلف ذرائع سے معلومات اکٹھی کرنے کے بعد ان منفی اثرات سے متعلق سچائی جاننے کی کوشش کی جس کی تفصیل درج ذیل ہے۔

بہت سے لوگوں کا یہ کہنا تھا کہ گرہن کے وقت سورج سے کچھ خاص طرح کی شعاعیں نکلتی ہیں جو انسانوں پراثرانداز ہوکر بہت سے حادثات کا سبب بنتی ہیں، لیکن اس جدید سائنسی دور میں بہت سرچ کرنے کے بعد بھی ہم ان شعاعوں کا نام تلاش کرنے میں ناکام رہے۔
ایسابھی سنا گیا کہ سورج گرہن سے ایسی شعاعیں بھی نکلتی ہیں جو کہ آنکھوں پر اثر انداز ہوتی ہیں اورانسان اندھا بھی ہوسکتا ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ ایسی کوئی شعاعیں موجود نہیں جو انسانوں پر اثرانداز ہوں بلکہ سائنسدان اور آنکھوں کے ماہرین گرہن کو برہنہ آنکھ سے دیکھنے سے اس لیے منع کرتے ہیں کیوں گرہن کے وقت سورج کی روشنی مدھم ہوجاتی ہے لیکن جیسے ہی چاندسورج کے سامنے سے ہٹنے لگتا ہے تو سورج کی تیز روشنی آنکھوں میں اچانک پڑنے سے آنکھوں کا پردہ یعنی ریٹینا جل سکتا ہے جس سے آپ کی بینائی ہمیشہ کے لیے جاسکتی ہے وہ بھی بنا تکلیف کے کیونکہ ریٹنا میں درد محسوس کرنے والے خلیے موجود نہیں ہوتے۔

اگر آپ یہ سوچ رہے ہیں کہ کیا صرف گرہن کے وقت ہی یہ تیز روشنی نکلتی ہے؟ تو ایسا ہرگز نہیں ہے، سورج کو کبھی بھی برہنہ آنکھ سے نہیں دیکھنا چاہہے اور اگر آپ سورج گرہن کا لطف اٹھانا چاہتے ہیں تو ایکس رے کا پیپر یا عام سن گلاسز استعمال کرنے کے بجائے صرف سرٹیفائیڈ شمسی عینکوں یا13اور14نمبر ویلڈنگ گلاس کا استعمال کریں۔

یہ بات بھی اکثر کہی جاتی ہے کہ حاملہ عورت کو اگر سورج یا چاند گرہن کے وقت لوہے کی کسی بھی تیز چیز، جس میں قینچی، چھری، وغیرہ شامل ہیں کا استعمال کرے تو پیدا ہونے والے پچے پر اس کا برا اثر پڑتا ہے۔ مگر بہت زیادہ تلاش کرنے کے بعد بھی ہمیں یہ بات بھی محض افواہ لگی۔

ریسرچ کے بعد یہ بھی معلوم ہوا کہ معذور بچے کا پیدا ہونا صرف ایک اتفاق یا کسی جینیاتی بیماری کا نتیجہ ہو سکتا ہے۔ ہارمونز کا توازن خراب ہونے سے بھی پیٹ میں موجود بچہ ذہنی یا جسمانی طور پر معذور ہو سکتا ہے، لیکن ایک فلکیاتی عمل کا انسانی زندگی سے کسی قسم کا کوئی تعلق نہیں ہے۔

واضع رہے کہ مکمل سورج گرہن اس وقت ہوتا ہے جب چاند زمین اور سورج کے درمیان میں آجائے لیکن کچھ اس طرح کہ چاند کا زمین سے فاصلہ اتنا ہو کہ وہ سورج کو مکمل طور پر ڈھانپ لے۔

No comments