تازہ ترین

تین روز تک پیٹرول کی صورتحال بہتر ہوجائے گی، وزیر پیٹرولیم

تین روز تک پیٹرول کی صورتحال بہتر ہوجائے گی، وزیر پیٹرولیم





وفاقی وزیر پیٹرولیم عمرایوب نے پیٹرول بحران سے متعلق کیس کی سماعت کے بعد پشاور ہائی کورٹ کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ 3روز میں ملک میں پیٹرول کی صورتحال بہتر ہوجائے گی۔

وزیر پیٹرولیم نے بتایا کہ ملک میں ڈیزل وافر مقدار میں ہے جبکہ پیٹرول کے بھی 10دن کے ذخائر موجود ہیں مگر ذخیرہ اندوزی کرنے والا ایک مافیا پیٹرول بحران کی بنیادی وجہ ہے۔ یہ مافیا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے ثمرات عوام تک پہنچنے میں خلل ڈال رہا ہے۔ ذخیرہ اندوزوں کے خلاف اوگرا، ایف آئی اے اور حکومت مل کر آپریشن کر رہے ہیں۔

اس سے قبل پشاور ہائی کورٹ میں پیٹرول بحران کی سماعت کے دوران بھی وزیر پیٹرولیم نے پیٹرول بحران کی وجہ ذخیرہ اندوزی بتائی اور کہا کہ ہم ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی کر رہے ہیں۔

سماعت کے دوران جسٹس قیصر رشید نے وفاقی وزیر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ ایک طرف کورونا دوسری طرف آٹا چینی اور پیٹرول بحران ہے، یہ کیا ہورہا ہے؟ پیٹرول پمپس پر کورونا کے حوالے سے ایس او پیز کو بھی فالو نہیں کیا جا رہا حکومت کیا کر رہی ہے۔انہوں نے اپنے ریمارکس میں مزید کہا کہ نیب کے چیئرمین کو بتا دیں کہ ہم ان کی کارکردگی سے بھی خوش نہیں ہیں۔

بعدازاں عدالت نے 3 دن کے اندر بحران ختم کرکے تفصیلی رپورٹ جمع کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے 17 جون تک سماعت ملتوی کردی۔

خیال رہے کہ 4 جون کو پشاور ہائی کورٹ کے سینئر جج جسٹس قیصررشید نے پیٹرول پمپس پر پیٹرول کی عدم دستیابی کا نوٹس لیا تھا۔

No comments