تازہ ترین

دن بھر کی قومی خبریں

دن بھر کی قومی خبریں


شمالی وزیرستان میں آپریشن کے دوران پاک فوج کے 4 جوان شہید




پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کے دوران پاک فوج کے 4 جوان شہید ہوگئے ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق یہ آپریشن شمالی وزیرستان کے علاقے بویا میں انٹیلی جنس اطلاع پر کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کےمطابق علاقے کی ناکہ بندی کے دوران دہشتگردوں نے فائرنگ کر دی، سیکیورٹی فورسز سے فائرنگ کے تبادلے میں 4 جوان سپاہی محمد اسماعیل خان، سپاہی محمد رضوان خان، سپاہی محمد شہباز یاسین اور سپاہی راجہ وحید احمد شہید ہو گئے ہیں۔ جبکہ آپریشن کے دوران ٹھکانے میں موجود 4 دہشتگرد بھی ہلاک ہوئے ہیں۔


پاکستان میں کورونا کی مجموعی صورتحال



بارہ جولائی کی شام تک اکھٹے کئے گئے اعدادو شمار کےمطابق پاکستان میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 48 ہزار 872 ہوگئی ہے جبکہ اس بیماری سے اب تک 5 ہزار 197 لوگ جاں بحق ہوئے ہیں۔ ادھر نیشنل کماند اینڈآپریشن سینٹر کےمطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں 2 ہزار 521 نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور مزید 74 اموات بھی ہوئی ہیں۔


مسلم لیگ ق کے مرکزی رہنما طارق بشیر چیمہ میں کورونا وائرس کی تصدیق



مسلم لیگ ق کے رہنما اور وفاقی وزیر برائے ہاؤسنگ طارق بشیر چیمہ میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق طارق بشیر چیمہ کی طبعیت خراب ہونے کے بعد انہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا تھا، جہاں ان کا علاج معالجہ جاری ہے، جبکہ ان کے دیگر مختلف ٹیسٹ بھی کئے جارہے ہیں۔


پی ٹی آئی کا سندھ حکومت کے خلاف نیب میں جانےکا اعلان



سندھ میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں فردوس شمیم نقوی، حلیم عادل شیخ اور دیگر نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سندھ حکومت کے خلاف نیب میں جانے کا اعلان کیا ہے۔ تحریک انصاف کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ سندھ میں جو بھی کام ہوتا ہے اس میں 52 فیصد رشوت لی جاتی ہے۔


سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کو تمام لینڈ مافیا کی معلومات ہے مگر وہ ان پر کیس نہیں بنا سکی۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت ظالم ہے اور یہ کراچی کو کچھ نہیں دیں گے صرف پیسہ لوٹیں گے۔ میں سندھ حکومت کے خلاف نیب میں مقدمہ درج کراؤں گا دیکھتے ہیں نیب کیا کرتا ہے۔


پی آئی اے کا اندرون ملک پروازوں میں اضافے کا فیصلہ



پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن یعنی پی آئی اے نے اندرون ملک پروازوں میں اضافے کا فیصلہ کیا ہے۔ پی آئی اے کی جانب سے یہ اضافہ لاہور، کراچی، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ کے لئے پروازوں میں کیا جائے گا۔ اطلاعات کے مطابق پی آئی اے کی جانب سے اسلام آباد سے کراچی کے درمیان روزانہ 2 جبکہ لاہور اور کراچی کے درمیان روزانہ ایک پرواز چلائی جائے گی۔


 ماڈل ایان علی کی شوبر میں واپسی سےمتعلق پوسٹ





منی لانڈرنگ کیس کی ملزم اور گزشتہ 4 برسوں سے بیرون ملک مقیم ماڈل ایان علی نے گزشتہ روز 11 جولائی کو سوشل میڈیا پر شوبز میں واپسی سےمتعلق پوسٹ لگائی ہے۔ اس پوسٹ میں انہوں نے جلد ہی سات گانے ریلیز کرنے کا اعلان کیا ہے۔

گزشتہ روز اپنی ایک انسٹاگرام پوسٹ میں ماڈل ایان علی نے اپنی پسندیدہ اور پرانی کار لیمبورگینی کے ساتھ تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ اپنی پسندیدہ گاڑی میں آنے والے سات گانے سننے کا وقت آگیا ہے۔ لیمبورگینی میں گانے سننے کی وجہ بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں صرف ان گانوں کی آواز کی کوالٹی سے متعلق تسلی کرنا چاہتی ہوں تاکہ آپ میری محنت سے لطف اندوز ہو سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ساتوں گانے ایک یا دو ہفتوں تک ریلیز ہو جائیں گے۔

یاد رہےکہ ماڈل ایان علی 14 مارچ 2015 کو اسلام آباد کے بینظیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر 5 لاکھ ڈالر سے زائد سمگل کرتے ہوئے پکڑی گئی تھیں۔ بعد ازاں عدالت کی جانب سے ضمانت پر رہائی ملنے پر ماڈل ایان علی بیرون ملک چلی گئی تھیں اور متعدد بار طلبی کے باوجود عدالت پیش نہیں ہوئیں۔ جس کے بعد عدالت نے ایان علی کو اشتہاری قرار دے دیا تھا۔

جلد ہی پاکستان کے 3 معروف برانڈز کے ساتھ کام کرنے والی ہوں،حلیمہ سلطان



ترک اداکارہ ایسرا بلگج اور ڈرامہ ارطغرل غازی کی مرکرزی کردار حلیمہ سلطان نے بتایا ہے کہ وہ جلد ہی پاکستان کی 3 معروف برانڈز کے ساتھ کام کرنے والی ہیں۔ یہ بات انہوں نے پاکستان کے ابلاغی ادارے ڈان نیوز کو ایک انٹرویو کے دوران بتائی۔ اداکارہ نے کہا کہ اس حوالے سے جلد ہی ان کی جانب سے باضابطہ اعلان بھی ہو جائے گا، تاہم انہوں نے مزید تفصیلات بتانے سے انکار کر دیا تھا۔





دوسری جانب سمارٹ موبائل فون کمپنی کیو موبائل بھی سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے بتایا ہے کہ ترک اداکارہ ایسرا بلگج ان کی نئی موبائل ڈیوائس ویو میکس پرو کی برانڈ ایمبیسڈر بن گئی ہیں۔ اپنے انٹرویو کے دوران ترک اداکارہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ اگر کورونا وبا نہ پھیلی ہوتی تو وہ اب تک پاکستان کے متعدد دورے کر چکی ہوتیں۔


مجھے ارطغرل غازی ڈرامہ اچھا نہیں لگا، سید نور



پاکستان کے نامور ہدایت کار سید نور کا کہنا ہے کہ وہ ترک ڈرامہ ارطغرل غازی کی بمشکل دو ہی قسطیں دیکھ سکے ہیں اور انہیں یہ ڈرامہ پسند نہیں آیا۔ یہ بات سید نور نے خبروں کے ادارے جی این این کے ایک انٹرٹینمنٹ پروگرام کے دوران انٹرویو دیتے ہوئے بتائی۔

پروگرام کی میزبان فضا علی نے سید نور سے ارطغرل ڈرامے کے بارے میں پوچھا کہ آپ نے ارطغرل ڈرامہ دیکھ لیا ہے؟ تو انہوں نے جواب دیا کہ ارطغرل صاحب کی میں نے دو قسطیں دیکھیں ہیں، مجھے اچھا نہیں لگا اور میں نے آگے دیکھا ہی نہیں، سید نور کا کہنا تھا کہ یہ اب کی بات نہیں ہے بلکہ یہ ڈرامہ ایک سال پہلے نیٹ فلکس پر دیکھا تھا۔ چار گھوڑے ہیں ان کے پاس جو بھگا رہے ہیں ادھر بھی اور ادھر بھی۔

ایک سوال کے جواب میں سید نور کا کہنا تھا کہ اگر کسی تاریخی کردار پر ڈرامہ یا فلم بناے کا انہیں موقع ملا تو وہ محمد بن قاسم پر بنائیں گے، اور برصغیر کا وہ دور دکھائیں گے جب یہاں اسلام نہیں تھا اور کس طرح اسلام آیا۔


No comments