تازہ ترین

پاکستانی آج 73 واں یوم آزادی منا رہے ہیں


پاکستانی  آج 73 واں یوم آزادی منا رہے ہیں





پاکستان میں آج 14 اگست 2020 کو 73واں یوم آزادی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے۔ پاکستان میں آج دن کا آغازوفاقی  دارلحکومت اسلام آباد میں 31 اور صوبائی دارلحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔



آج  پرچم کشائی کی مرکزی تقریب ایوان صدر اسلام آباد میں منعقد ہوئی، تقریب میں وفاقی وزرا، سول اور عسکری قیادت بھی شریک تھے جبکہ صدر عارف علوی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔



کراچی میں مزاز قائد اور لاہور میں اقبال کے مزار پر بھی  گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ مزار قائد پر پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈس نے جبکہ مزار اقبال پرپاک فوج کے چاک وچوبند دستے نے گارڈز کے فرائض سنبھالے ہیں۔



ملک کے مختلف شہروں میں نوجوانوں کی ٹولیاں موٹر سائیکلوں پر قومی پرچم تھام کر مارچ کر رہے ہیں، جبکہ گھروں  کو بھی چراغاں  اور جھنڈے ، جھنڈیوں سے سجایا جا رہا ہے۔کراچی  کے سی ویو پر شاندار آتش بازی  کا مظاہرہ ہوا، لاہور میں مینار پاکستان پر لوگوں کی بڑی تعداد جمع ہوئی   اور اسلام آباد میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے سری نگر ہائی وے پر مارچ کیا۔



بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی قیادت میں 73 برس قبل 14 اگست کے دن برصغیر کے مسلمانوں نے لاکھوں قربانیاں دے کر ایک آزاد اسلامی جمہوریہ پاکستان ریاست حاصل کی تھی۔ اس ریاست کا خواب مصور پاکستان علامہ محمد اقبال نے دیکھا تھا جس کو تعبیر کی شکل بانی پاکستان نے دی تھی۔


No comments