تازہ ترین

توشہ خانہ ریفرنس میں نوازشریف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

توشہ خانہ ریفرنس میں نوازشریف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری





اسلام آباد کی احتساب عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس میں سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ نواز کے قائد نوازشریف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے ہیں۔عدالت نے دفتر خارجہ کو برطانیہ میں پاکستانی سفارتحانے کے ذریعے وارنٹس کی تعمیل کا حکم بھی دیاہے۔

خیال رہے کہ احتساب عدالت میں قومی احتساب بیورو کی جانب سے دائر کردہ ریفرنس میں یوسف رضا گیلانی، آصف علی زرداری اور نواز شریف کو غیر قانونی طور پر گاڑیاں الاٹ کرنے کا الزام ہے۔ اس ریفرنس میں اومنی گروپ کے سربراہ خواجہ انور مجید اور خواجہ عبدالغنی مجید کو بھی ملزم نامزد کیا گیا ہے۔
ریفرنس میں کہا گیا ہے کہ آصف زرداری اور نواز شریف نے کاروں کی صرف 15 فیصد قیمت ادا کر کے توشہ خانہ سے گاڑیاں حاصل کیں۔ جبکہ یوسف رضا گیلانی نے اس سلسلے میں سہولت فراہم کرتے ہوئے گاڑیاں حاصل کرنے کے طریقہ کار کو غیر قانونی طور پر نرم کیا۔
مذکورہ ریفرنس کے مطابق وہ فوری طور پر اس کی اطلاع دینے اور کابینہ ڈویژن کے توشہ خانہ میں جمع کروانے کے پابند تھے لیکن انہوں نے نہ تو گاڑیوں کے بارے میں مطلع کیا نہ ہی انہیں نکالا گیا۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت میں توشہ خانہ ریفرنس کے حوالے سے ہوئی حالیہ سماعت میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور عبد الغنی مجید پیش ہوئے تھے تاہم نواز شریف اور آصف علی زرداری اس سماعت سے غیر حاضر رہے۔




ادھرعدالت میں آصف زرداری کی طرف سے فاروق ایچ نائیک نے وکالت نامہ جمع کرایا اور عدالت کو بتایا کہ آصف زرداری کراچی میں ہیں اور بیمار ہیں۔

عدالت نے آصف علی زرداری کی جانب سے اس سماعت میں حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے بلاول ہاؤس کراچی کے پتے پر انہیں دوبارہ طلبی کا نوٹس جاری کردیا۔
علاوہ ازیں عدالت نے یوسف رضا گیلانی کی مستقل حاضری سے استثنی کی درخواست پر نیب کو نوٹس جاری کردیا۔

بعد ازاں احتساب عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس کی سماعت 30 جون تک ملتوی کر دی۔

No comments